وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور خودکش دھماکے میں ملوث تین ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے، پولیس ایک دو دن میں ملزمان تک پہنچ جائے گی۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر اجلاس بلانے کی ریکوزیشن ابھی موصول نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس 14 روز کے اندر طلب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پہلے بھی شکست ہوئی ہے اور شکست ہوتی رہے گی۔
نواز شریف کے پاسپورٹ کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ وزارت داخلہ کو نواز شریف کے پاسپورٹ کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار میں واقع کوچہ رسالدار مسجد میں خودکش حملے میں مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 57 افراد کی لاشیں لائی گئیں۔ اس واقعے میں مزید چھ افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 63 ہو گئی ہے۔
واقعے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے 37 زیر علاج ہیں اور 5 آئی سی یو میں ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے جیو نیوز کو بتایا کہ خودکش حملہ آور کے خاکے تیار کر لیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضاء بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ادھر پشاور کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو حساس مقامات اور اہم تنصیبات پر سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہم مذہبی اور عوامی مقامات کے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے، رات کے گشت میں اضافہ کیا جائے اور بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔
خیال رہے کہ کالے لباس میں ملبوس خودکش بمبار نے پشاور کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران پہلے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی اور پھر منبر کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔



































