کراچی کے علاقے جوبلی مارکیٹ میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے دفتر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول محمد علی ہیڈ کلرک اور انسپکٹر انسداد تجاوزات کے عہدے پر فائز تھا۔
مقتول انسپکٹر قبضہ مافیا کے خلاف مقدمے میں آج صبح سٹی کورٹ میں پیش ہوا تھا۔ انسداد تجاوزات نے مقتول انسپکٹر محمد علی کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔
ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا کہ محمد علی مارکیٹ میں آپریشن کی سماعت سے فوراً واپس آگئے تھے۔ وہ چار سال قبل ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات تعینات ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کی وجہ سے ہم پر حملے ہو رہے ہیں۔ یہ پہلا واقعہ ہے کہ دفتر میں فائرنگ سے کسی اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ماضی میں بھی دو ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہو چکے ہیں۔
بشیر صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ کے ایم سی آفس کے کسی بھی دفتر میں سیکیورٹی نہیں، اینٹی انکروچمنٹ سیل ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 20 سے 25 افراد پر مشتمل عملہ ہے۔



































