لندن (پی اے) پاکستان میں سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ملکہ شدید غمزدہ ہیں۔ واضح رہے کہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 10 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ مرنے والوں کی تعداد کم از کم 1,061 بتائی جاتی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کے نام اپنے ایک پیغام میں ملکہ نے کہا کہ انہیں پاکستان بھر میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ میرے احساسات ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو متاثر ہوئے ہیں اور ان لوگوں کے ساتھ جو مشکل حالات میں بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جب آپ ان ہولناک واقعات سے صحت یاب ہو رہے ہیں تو برطانیہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔ بکنگھم پیلس کی طرف سے جاری کردہ پیغام پر الزبتھ آر نے دستخط کیے تھے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ تباہی 2010 سے بھی بدتر ہے، جب سیلاب سے 1700 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان میں موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کے روز کہا کہ ملک کو ٹھیک ہونے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے کہا کہ اس نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں اور ان کے شراکت داروں کے لیے سیلاب کی امداد کے لیے 2.6 ملین پاؤنڈ مختص کیے ہیں۔ پاکستان کی وزیر موسمیات شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں اس سال شدید بارشیں ہوئیں جس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔ غیر معمولی بارشوں نے ملک کے چاروں صوبوں کو متاثر کیا، 150 سے زائد پل تباہ اور متعدد سڑکیں بہہ گئیں، جس سے امدادی سرگرمیاں مشکل ہو گئیں۔ کم از کم 6,500 فوجیوں کو ملک بھر میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں سویلین حکام کی مدد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں سیلاب سے تباہ ہونے والے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ حکومت اپنے گھروں سے محروم ہونے والوں کو گھر فراہم کرے گی۔



































