یورپی یونین نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ وہ حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والے دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اس کے ساتھ ہے اور وہ بہت جلد مزید امداد بھیجے گا۔
ان خیالات کا اظہار یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وینڈرلین نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موجودہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کیا۔
اپنے مائیکرو بلاگنگ اکاؤنٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں ارسلا وینڈرلین نے کہا کہ اس ملاقات میں میں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو خوفناک سیلاب کے متاثرین کے لیے اپنا ذاتی تعزیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی کمیشن آپ کے ساتھ ہے۔ “ہم پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے آنے والے ہفتوں میں نئی انسانی امداد کے ساتھ آگے آئیں گے۔”



































