سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت محمد نور مسکانزئی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، ٹیم میں ڈی آئی جی رخشان نذیر کرد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ اسد ناصر شامل ہیں۔
خاران کے مقامی حساس اداروں کے نمائندے اور کیس کے تفتیشی افسر بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جے آئی ٹی 30 روز میں اپنی رپورٹ تیار کرے گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی یہ رپورٹ انسداد دہشت گردی کے جج کو پیش کرے گی۔
سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کو گزشتہ روز خاران میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، حملے میں ان کا ایک عزیز زخمی ہوا تھا۔
محمد نور مسکانزئی مسجد میں عشاء کی نماز پڑھ رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔



































