فلسطینی حکام نے اسرائیلی انتخابات میں دائیں بازو کے اتحاد کی متوقع کامیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کے ممکنہ اتحاد کے اقتدار میں آنے سے کشیدگی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل میں دائیں بازو کی مخلوط حکومت کے تحت فلسطینی مخالف رویوں میں اضافہ ہوگا۔ دائیں بازو کی مخلوط حکومت میں فلسطینی علاقوں پر قبضہ مزید شدید ہو جائے گا۔
ادھر حماس کے ترجمان کے مطابق انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی مزید شدت پسندی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ نیتن یاہو کی متوقع حکومت میں ہمارے عوام کے خلاف جارحیت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کی پہلی حکومتوں میں فلسطینیوں کے خلاف کئی جنگیں لڑی گئیں۔
ترجمان نے کہا کہ دائیں بازو کی مخلوط حکومت کا مطلب فلسطینیوں کو مزید صیہونی دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ادھر خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی انتخابات کے ایگزٹ پول کے مطابق نیتن یاہو کا اتحاد 62 نشستیں جیت سکتا ہے۔ جب کہ اسرائیل میں حکومت بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں 61 نشستوں کی اکثریت ضروری ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں کل ہونے والے عام انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان آج رات متوقع ہے۔

































