لندن (پی اے) بی بی سی کے تجزیئے سے ظاہرہوا ہے کہ گزشتہ four سال کے دوران کینسر کا علاج کرانے کے منتظر مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تجزیئے کے مطابق گزشتہ سال انگلینڈ ،شمالی آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں کینسر کا علاج کرانے کیلئے کینسر کے 67,000 مریضوں کو 62 دن سے زیادہ انتظار کرنا پڑا۔ جو کہ 2017-18 کے مقابلے میں دگنی مدت ہے۔ ویلز میں بھی مریضوں کے انتظار کی صورت حال خراب ہو رہی ہے لیکن وہاں کا ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے ڈائریکٹر نیشنل کینسر کا کہنا ہے کہ عملہ علاج کے منتظر مریضوں کی تعداد کم کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں دائو پر لگ جاتی ہیں۔ مک ملن کینسر سپورٹ کے اسٹیون میکنٹوش کا کہنا ہے کہ علاج میں تاخیر خوفناک ہے اور اس کی وجہ سے لوگ خوف اور دہشت کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ یہ صورت حال ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سے کینسر سے صحتیابی کی شرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے 30,000افراد کو کینسر کی تشخیص ہوئی، یہ تعداد توقع سے کم تھی، اس کا سبب یہ تھا کہ کورونا کی ابتدا میں سروسز میں خلل پڑنا شروع ہوا اور لوگ کورونا کے خوف سے گھر سے نہیں نکل رہے تھے۔ حالیہ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب کینسر کی تشخیص کیلئے ریفر کئے جانے والے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے لیکن ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مریضوں کا فوری علاج شروع نہیں ہو رہا اور علاج کے منتظر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت نے انگلینڈ میں کینسر کے علاج اور تشخیص کیلئے 90 کمیونٹی تشخیصی سینٹرز کا ایک نیٹ ورک قائم کیا ہے، جس کے بعد توقع کی جاتی ہے کہ مرض کی تشخیص کا کام تیز ہوجائے گا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل رکاوٹ علاج کے بعد انتظار کی مدت ہے، جس کا بڑا سبب عملے کی کمی ہے۔ رائل ریڈیولوجسٹس کالج کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کینسر کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی 17 فیصد کمی ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے عملہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ رائل کالج کے ٹام روکس نے بتایا کہ ہمیں این ایچ ایس کی ورک فورس کے ایک ایسے پلان کی اشد ضرورت ہے، جس کیلئے مکمل فنڈ دستیاب ہوں، تاکہ این ایچ ایس اس مقصد کیلئے ضروری تعداد میں اس کام کیلئے موزوں صلاحیت رکھنے والے لوگوں کو بھرتی کرسکے۔ لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر صحت ویس اسٹرینگ، جن کو گردے کا کینسر تھا لیکن اب شفایاب ہوچکے ہیں، کہا ہے کہ یہ بہت ہی خوفناک بات ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کینسر کے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ گردے کے کینسر کے علاج کے دوران مجھے اس کے بروقت علاج کی ضرورت اور اہمیت کا احساس ہوا ہے۔ این ایچ ایس کے ڈائریکٹر نیشنل کینسر ڈیم کیلی پالمر کا کہنا ہے کہ ہمارا محنتی اور جفاکش عملہ لوگوں کی تشخیص میں مدد دے رہا ہے لیکن انھوں نے کہا کہ وہ اس مرض کی تشخیص اور بروقت علاج کو یقینی بنانے کا عزم کئے ہوئے ہیں، ہم کینسر میں مبتلا لوگوں کی جان بچانے کے حوالے سے اپنی کوششیں ترک نہیں کریں گے۔

































