لندن (پی اے) میئر لندن صادق خان کو برطانیہ کی سینئر ترین پولیس افسر کریسیڈا ڈک کے میٹ چیف کی حیثیت سے مستعفی ہونے پر سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال رواں کے آغاز میں میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والی ڈیم کریسیڈا ڈک نے اپنی ملازمت چھوڑنے میں خوف محسوس کیا تھا اور ان کے رخصت ہونے سے قبل مناسب اور متعلقہ پراسس پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔ میئر لندن صادق خان نے ان نتائج کو جانب دارانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور یہ دعویٰ کیا کہ ان رپورٹس میں حقائق کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ لندن اسمبلی کی پولیس اینڈ کرائم کمیٹی میں میئر لندن مسٹر خان کو رپورٹ کے مصنف اور کانسٹیبلری کے سابق انسپکٹر سر تھامس ونسر کے ساتھ ڈیم کریسیڈا ڈک کے میٹ چیف کے عہدے سے استعفیٰ کے حوالے سے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میٹ پولیس کو ایک حاضر سروس افسر کے ہاتھوں مارکیٹنگ ایگزیکٹو سارہ ایورارڈ کے ہاتھوں قتل کے بعد سکینڈلز کی سیریز کا سامنا کرنا پڑا اور اب اسے اپنی تاریخ کے سب سے زیادہ پریشان کن دور کا سامنا ہے۔ وہ خصوصی اقدامات اور فورس میں نسل پرستانہ رویئے، چیئرنگ کراس بیسڈ آفیسرز کی جانب سے سیکسیسٹ اور ہوموفوبک میسیجز بھیجنے جانے جیسے کلچر کے ساتھ سنگین مسائل کے بحران سے دوچار ہے جبکہ دو آفیسرز کو مقتولین بیبا ہنری اور نکول سمالمین کی لاشوں کے امیجز شیئر کرنے پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ میٹ پولیس فورس کو اپنے کائونٹر کرپشن اقدامات اور مس کنڈکٹ پراسسز جیسے مسائل پر بھی کڑی تنقید کا سامنا ہے، جن کی وجہ سے سیکڑوں پولیس آفیسرز اپنی ملازمتوں پر موجود ہیں، جنہیں ملازمتوں سے کک آئوٹ کر دیا جانا چاہئے تھا۔ یہ انگلینڈ اینڈ ویلزمیں جانچ کے بارے میں قومی خدشات میں سرفہرست ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں کرپٹ افسران عہدے پر رہ سکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میئر لندن صادق خان نے ڈیم کریسیڈا ڈک کو ان کے دور کے آخری ہفتوں میں الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ میٹ پولیس فورس کو بہتر بنانے کیلئے اس کے منصوبوں میں تبدیلیاں کریں یا پھر وہ ان پر عدم اعتماد کا بیان جاری کر دیں گے۔ اس وقت کریسیڈا ڈک کے ڈپٹی سر سٹیفن ہاؤس نے دعویٰ کیا کہ مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا اور انہوں نے سرتھامس کو اس معاملے کی انویسٹی گیشن کیلئے بلانے سے قبل ہوم آفس کو اس کے ریویو کیلئے لکھا تھا۔ کریسیڈا ڈک کے مستعفی ہونے کے بعد سر مارک روولی کو میٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ ڈیم کریسیڈا اور مسٹر خان کے درمیان موڈ اس وقت کھلا جب انہوں نے اکتوبر میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے پاس اب ایک کمشنر ہے جو انکار میں نہیں ہے۔ وہ سست نہیں ہے، وہ مغرور نہیں ہے، وہ دفاعی نہیں ہے۔

































