بھارت کے مرکزی وزیر قانون و انصاف کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں بھارتی عدلیہ مکمل طور پر پیپر لیس ہو جائے گی۔
گزشتہ روز نئی دہلی ہائی کورٹ کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ انہوں نے چیف جسٹس سے درخواست کی ہے کہ وہ ای کورٹ پروجیکٹ کو اپنی مدت میں مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء کاغذات کے بغیر کام کرنے کے لیے تیار رہیں، وزارت قانون نے محکمے کے افسران کو آگاہ کیا ہے کہ بہت جلد پورا نظام پیپر لیس ہو جائے گا۔
بھارتی وزیر قانون نے کہا کہ مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ عدلیہ انصاف کی فراہمی کے نظام پر بھی بہت بڑا اثر ڈالے گی، اس طرح انصاف کی تیز تر فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہائی کورٹ کے لیے زیادہ کچھ نہیں کر سکتی کیونکہ ریاستی حکومت کو ای کورٹ کے بنیادی ڈھانچے پر خرچ کرنا پڑے گا۔



































