وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یوکرین سے ہمدردی ہے لیکن پاکستان کے اپنے بہت سے اندرونی اور علاقائی مسائل ہیں۔
سنگاپور کے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جانتا ہے کہ تباہی کیا ہوتی ہے، ہم ایک اور طویل جنگ میں نہیں الجھنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تنازعات سے تھک چکے ہیں، ہم دوسرے لوگوں کے تنازعات کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی توجہ تیزی سے افغانستان سے ہٹ کر یوکرائن کی طرف گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغان مہاجرین کی جگہ یوکرین کے مہاجرین نے لے لی ہے، افغان امداد کی جگہ یوکرائنی امداد نے لے لی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ہماری شراکت داری میں بے پناہ اقتصادی مواقع موجود ہیں، سی پیک سے ہمارے مواصلاتی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں گزشتہ دہائی میں زبردست ترقی ہوئی ہے۔



































