یورپی یونین نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کا کہنا تھا کہ گزشتہ گھنٹوں کے دوران آذربائیجان اور آرمینیا کی سرحد پر شدید لڑائی ہوئی ہے جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے دونوں ممالک کے سربراہان اور میں نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات چیت کی ہے۔
جوزپ بوریل نے کہا کہ ‘یہ ضروری ہے کہ دشمنی بند ہو اور مذاکرات کی میز پر واپسی ہو’۔ تمام فورسز کو اپنی کشیدگی سے پہلے کی پوزیشنوں پر واپس آنا چاہیے اور جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین دونوں ممالک کے درمیان ایک ایماندار بروکر کے طور پر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ سب کے فائدے کے لیے ایک محفوظ، خوشحال اور پرامن جنوبی قفقاز کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے۔
یورپی خارجہ امور کے سربراہ نے کہا کہ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے ٹویوو کلار دونوں ممالک کا فوری دورہ کریں گے۔



































