نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا 100واں ٹیسٹ میچ کھیلے جانے سے قبل بھارتی کرکٹ کوچ راہول ڈریوڈ کی جانب سے انہیں خصوصی کیپ پیش کی گئی۔ اس خاص موقع پر ویرات کے ساتھ ان کی اہلیہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔ بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما ہر خوشی اور غم میں اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہیں۔ ویرات کوہلی کے 100ویں ٹیسٹ میچ کے موقع پر موہالی کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کوہلی کو خصوصی کیپ بھی دی گئی۔ اس موقع پر لی گئی تصاویر اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں۔ خصوصی کیپ وصول کرتے ہوئے ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما بھی مسکراتے ہوئے نظر آئے۔ اس موقع پر پوری ہندوستانی کرکٹ ٹیم موجود تھی۔ اس موقع پر ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ میرے لیے خاص لمحہ ہے۔ میری بیوی یہاں ہے اور میرا بھائی بھی، سب کو بہت فخر ہے۔ یہ واقعی ایک ٹیم گیم ہے اور اس کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ بی سی سی آئی کا بھی شکریہ۔ جدید کرکٹ میں ہم تین فارمیٹس اور ایک آئی پی ایل کھیلتے ہیں۔ اگلی نسل جو مجھ سے سیکھ سکتی ہے وہ یہ ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے خالص ترین فارمیٹ میں 100 میچ کھیلے۔ اس موقع پر جوڑے نے کئی تصاویر بھی کھنچوائیں۔ واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان موہالی میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ ہے۔ ویرات نے ایک انٹرویو میں انوشکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ویرات اور انوشکا کی شادی کو چار سال ہو چکے ہیں۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام وامیکا ہے۔



































