ایران میں پولیس کی حراست میں ایک لڑکی کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کریک ڈاؤن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔
انسانی حقوق کے گروپ کے مطابق جمعے کو زاہدان شہر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 41 افراد مارے گئے۔
گروپ نے کہا کہ دوسرے شہروں میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں 92 افراد مارے گئے۔
انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن انسانیت کے خلاف جرائم کا مظہر ہے، عالمی برادری ان جرائم کو روکے اور ان کی تحقیقات کرے۔
واضح رہے کہ 22 سالہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ایران میں 16 روز سے مظاہرے جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مہسا امینی کو 13 ستمبر کو ہیڈ اسکارف پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا۔
مہسا امینی 16 ستمبر کو پولیس کی حراست میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔



































