وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، کرسچن ٹرنر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ شیوننگ سکالر شپ میں پاکستانی طلباء کی تعداد 80 سے بڑھا کر 150 سالانہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک اہم سکالر شپ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ پرانے تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو حکومت کے معاشی ایجنڈے اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے، سیلاب نے پاکستانی معیشت پر منفی اور گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے چیوننگ اسکالرشپ پر پاکستانی طلباء کی تعداد بڑھانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے حالیہ سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔


































