وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے سوال کیا ہے کہ کراچی میں آٹا مہنگا کیوں فروخت کیا جا رہا ہے؟
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف بھی احتجاج کرنا چاہیے۔ میں بلاول سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں آٹا مہنگا کیوں فروخت ہورہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کا 30 فیصد سندھ میں دیا گیا ، وہ ہیلتھ کارڈ لا رہے ہیں ، عمران خان عوام کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ معیشت نہیں چل رہی وہ تعصب کی عینک اتار دیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال چینی کی پیداوار زیادہ ہوگی ، مکئی کی فصل میں 18 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ گندم کی نئی فصل میں اضافہ ہوگا۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ ہم وہ اقدامات کر رہے ہیں جو 30 سالوں میں نہیں کیے گئے ، ہم نے یوریا کی قیمت کو مستحکم رکھا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اور ترسیلات زر میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو کل ٹی 20 میچ میں شکست دینی ہے ، پوری قوم کی دعائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔



































