لندن (آن لائن) ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے، ایسی بارشیں بے مثال ہیں۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں مارٹن ریسر کا کہنا تھا کہ دنیا کو پاکستان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے تاہم پاکستان کو مالیاتی اصلاحات بھی کرنا ہوں گی، سیلاب سے بحالی کے لیے روڈ میپ بھی تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی طور پر اقدامات کرنا ہوں گے، پاکستانی عوام بجلی کے زیادہ بلوں سے پریشان ہیں، ڈسٹری بیوشن میں نقصانات اور قیمتیں زیادہ ہیں، اس سے نمٹنے کے لیے توانائی میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا کا بھی کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اصلاحات کی یقین دہانی کرائی ہے، اصلاحات طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے بھی اہم ہیں۔

































