ایران میں زیر حراست لڑکی کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کے پیش نظر جرمنی نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔
جرمن وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ایران چھوڑنے کا کہا گیا ہے، ایران میں جرمن شہریوں کے گرفتار ہونے کا خطرہ ہے، جرمن شہریوں سے پوچھ گچھ اور قید کیے جانے کا خطرہ ہے۔
ایران میں مظاہرین کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن جاری ہے، کریک ڈاؤن میں اب تک صحافیوں سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ایران میں 22 سالہ مہسا امینی کی موت کے خلاف ڈیڑھ ماہ سے احتجاج جاری ہے، جو ایرانی پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی۔
واضح رہے کہ مہسا امینی کو 13 ستمبر کو سر پر اسکارف پہننے کے قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

































