وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کے حتمی معاہدے پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ریکوڈک منصوبے سمیت دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریکوڈک منصوبے کی تنظیم نو کے حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کے لیے صدارتی ریفرنس آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت دائر کیا گیا۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے 9 دسمبر کو رائے دی تھی کہ ریکوڈک منصوبے کی تنظیم نو کا عمل شفاف ہے، جن معاہدے پر دستخط کیے جا رہے ہیں وہ قانون کے مطابق ہیں۔
کابینہ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے ای سی سی سے منظور شدہ ریکوڈک پراجیکٹ فنڈنگ پلان کی منظوری دے دی ہے۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کے حتمی معاہدے پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، حتمی معاہدے پر 15 دسمبر کو دستخط کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ نے وزارت پیٹرولیم اور دیگر وزارتوں کے حکام کو باضابطہ اجازت دے دی۔



































