وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈھٹائی سے ہتھیاروں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔
اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ غریب ترین طبقہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات سے بچ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 کروڑ گھرانوں کے لیے 28 ارب روپے کا پیکج تیار کیا ہے، کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے، یہ جون میں شروع ہوگا۔
شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ میں شامل 80 لاکھ افراد کو اضافی امداد دی جائے گی، حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو وفاق پر حملے کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کابینہ نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے ای سی سی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے تو ریلیف پیکج کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر مہنگائی پر پڑتا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پچھلی حکومت کے پاس پشاور بی آر ٹی، راولپنڈی رنگ روڈ، گوگی سکینڈل جیسے بہت سے مسائل تھے۔



































