کراچی واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل نے لانڈھی لیبر اسکوائر میں واٹر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ انچارج سیل واحد شیخ کے مطابق لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں واٹر سپلائی کا بڑا غیر قانونی ہائیڈرنٹ پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر واٹر بورڈ سیل کے عملے نے کی۔

واحد شیخ نے کہا کہ زینت فیکٹری کی آڑ میں جدید پلانٹ اور زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے کے بڑے ٹینک بنائے گئے۔ جہاں سے روزانہ سینکڑوں واٹر ٹینکر بھر کر صنعتی علاقے میں پانی مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔ مشین ٹول فیکٹری کے قریب غیر قانونی ہائیڈرنٹ پر چھاپے میں پولیس بھی موجود تھی۔
واٹر تھیفٹ سیل کے انچارج واحد شیخ کے مطابق متعدد واٹر ٹینکرز، موٹریں، پائپ اور دیگر سامان قبضے میں لے کر واٹر ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف سکھن تھانے میں رپورٹ درج کرادی گئی ہے۔



































