لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ہالی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو یوکرین کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔ اداکار نے یوکرین کو ایک کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے۔ یوکرین پر حملے پر پوری دنیا روس کی مذمت کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں دنیا کے کچھ ممالک نے یوکرین کی مدد کی ہے۔ معروف امریکی اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے یوکرین کو بھاری مالی امداد دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ فلم ’’ٹائی ٹینک‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے لیونارڈو ڈی کیپریو نے یوکرین کو 10 ملین ڈالر کی مالی امداد دی ہے۔ لیونارڈو کی دادی یوکرین کے شہر اوڈیسا کی رہائشی تھیں۔ اسی لیے لیونارڈو کو یوکرین سے خاص لگاؤ ہے۔ اس کے علاوہ یوکرین کو اب تک عالمی بینک سے 720 ملین ڈالر کی امداد مل چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیونارڈو نے روسی حملے کے دوران یوکرین کی حکومت کو ایک کروڑ ڈالر منتقل کیے تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اداکار نے روس کے اس غیر انسانی فعل پر بھی تنقید کی ہے۔ واضح رہے کہ کئی مشہور شخصیات یوکرین کی مالی مدد کے لیے آگے آرہی ہیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے دنیا سے فوجی اور مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ روس کے حملے سے ملک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین دی نیشنل بینک آف یوکرین نے یوکرین کی مسلح افواج کی مدد کے لیے ایک خصوصی اکاؤنٹ قائم کیا ہے جسے دنیا بھر سے مدد مل رہی ہے۔



































