بھارتی سپریم کورٹ نے جبری تبدیلی مذہب کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے تدارک کے اقدامات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اٹارنی جنرل تشار مہتا نے عدالت میں کہا کہ قبائلی علاقوں میں جبری تبدیلی مذہب کے واقعات تیزی سے ہو رہے ہیں۔
عدالت نے پوچھا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے اس کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟
جسٹس شاہ اور جسٹس ہیما کوہلی پر مشتمل بنچ نے جبری تبدیلی مذہب پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
عدالت نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی سمجھ کے مطابق مذہب اختیار کرنے کی آزادی ہے لیکن کسی کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرنا یا لالچ دینا ایک خطرناک عمل ہے جسے فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں غریب شہریوں کو چاول، گندم اور پیسے کے عوض تبدیل کیا جاتا ہے۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر قبائلی علاقوں میں ایسا کچھ ہو رہا ہے تو اسے روکنے کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتیں کیا کر رہی ہیں؟
اس سے قبل ایڈوکیٹ اپادھیو نے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بڑے پیمانے پر عیسائیت اختیار کرنے پر مجبور کیا گیا۔

































