برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے کوہ نور ہیرے کی بھارت واپسی کا مطالبہ شروع کر دیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ‘کوہ نور’ بھارت میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بن گیا ہے۔
ہندوستانی صارفین کا خیال ہے کہ برطانوی ملکہ کے تاج میں نصب قیمتی ‘کوہ نور’ ہندوستان کو واپس کیا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر اس بحث کے دوران… ایک بات جو نمایاں ہے وہ یہ ہے کہ برطانیہ کے پاس بہت سے قیمتی اشیا ہیں جو یا تو نوآبادیاتی دور میں دوسرے ممالک سے لی گئیں یا لوٹی گئیں، ان میں سے چند قیمتی اشیا کی فہرست یہ ہے۔
1-افریقہ کا عظیم ستارہ ڈائمنڈ
ملکہ کے بہت سے خزانوں میں سے ‘گریٹ سٹار آف افریقہ ڈائمنڈ’ نمایاں ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا ہیرا ہے اور اس کا وزن تقریباً 530 قیراط ہے۔ قیمت تقریباً 400 ملین امریکی ڈالر ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس ہیرے کی کان کنی 1905 میں جنوبی افریقہ میں کی گئی تھی۔
افریقہ کے بہت سے مورخین اس ہیرے کے بارے میں لکھتے ہیں۔ کان کنی کے بعد اسے ایڈورڈ ہفتم کو پیش کیا گیا، جب کہ ہندوستانی صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ ہیرا یا تو ہندوستان سے چوری ہوا تھا یا برطانوی دور حکومت میں لوٹا گیا تھا۔
2- ٹیپو سلطان کی انگوٹھی
جب ٹیپو سلطان 1799 میں انگریزوں سے جنگ ہار گئے تو انگریزوں نے مبینہ طور پر ان کی لاش سے ان کی ایک قیمتی انگوٹھی چھین لی۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انگوٹھی برطانیہ میں ہونے والی نیلامی میں ایک نامعلوم شخص کو تقریباً 145,000 برطانوی پاؤنڈز میں فروخت ہوئی۔
3- روزیٹا اسٹون
جب ہندوستانی صارفین نے کوہ نور ہندوستان کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو مصری کارکن اور ماہر آثار قدیمہ نے ‘روزیٹا سٹون’ مصر کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
روزیٹا پتھر اس وقت برٹش میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
مصر کے کئی مقامی اخبارات کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ کا دعویٰ ہے کہ وہ یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ‘روزیٹا سٹون’ برطانوی حکومت نے چرایا تھا۔
روزیٹا پتھر 196 قبل مسیح کا ہے اور تاریخ دانوں کے مطابق یہ مشہور پتھر برطانیہ نے 1800 کی دہائی میں فرانس کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد حاصل کیا تھا۔
4- ایلگین ماربلز
کئی میڈیا رپورٹس اور تاریخی دستاویزات کے مطابق 1803 میں لارڈ ایلگین نے مبینہ طور پر یونان میں پارتھینن کی بوسیدہ دیواروں سے سنگ مرمر نکال کر لندن لے آئے تھے جس کی وجہ سے ان سنگ مرمروں کو ‘ایلگین ماربلز’ کہا جاتا ہے۔
1925 سے یونان برطانیہ سے اس انمول جائیداد کی واپسی کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن یہ سنگ مرمر اب بھی برٹش میوزیم میں موجود ہیں۔



































