چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید نے معروف کشمیری رہنما، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور بزرگ عالم دین مولانا محمد عباس انصاری کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا عباس انصاری طویل علالت کے بعد منگل کی صبح اپنی رہائش گاہ خانقاہ سکتہ نواں کدل سری نگر (مقبوضہ کشمیر) میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 86 سال تھی۔
اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ مولانا عباس انصاری کی وفات سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا ہے بالخصوص مظلوم کشمیری ایک اہم اور فعال رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔
مولانا انصاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی ایک موثر آواز تھے اور انہوں نے انفرادی طور پر اور دیگر کشمیری رہنماؤں کے ساتھ مل کر کشمیریوں کے حقوق کے لیے بہادری سے جدوجہد کی۔ کیونکہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے مزید کہا کہ مولانا عباس انصاری کے انتقال کی خبر سے ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے اور اس موقع پر ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری دعا ہے کہ رب العزت مولانا عباس انصاری مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

































