امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ 70 ارب میں سے سیلاب متاثرین کو کچھ نہیں ملا، پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو غربت اور دیوالیہ پن کے سوا کچھ نہیں دیا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ سیلاب سے 18 ہزار سکول متاثر ہوئے اور لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہو گئے۔
سراج الحق نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کیمپوں میں خواتین اور بچے انتہائی تکلیف دہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، حکومتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ علاقے گندگی اور بیماریوں سے بھرے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈھائی ماہ گزرنے کے باوجود شہروں اور فصلوں سے نکاسی کا انتظام نہیں کیا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان ڈھائی ماہ سے سیلاب زدگان کی خدمت میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے۔



































