چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن کا کہنا ہے کہ چین نے مشکل وقت میں سچے دوست اور بھائی کی طرح پاکستان کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے بعد سے چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اب تک پاکستان کو 400 ملین چینی یوآن کی انسانی امداد بھیج چکا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چینی سول سوسائٹی بھی پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے، چین اور پاکستان کے درمیان فائدہ مند معاشی اور مالی تعاون رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام بھی پاکستان اور چین کے درمیان مفید تعاون سے بخوبی واقف ہیں۔
چینی ترجمان نے کہا کہ امریکا پاک چین تعاون پر غیر ضروری تنقید کرنے کے بجائے پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں مدد کرے۔
واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کو چین سے قرضوں میں ریلیف لینے کا مشورہ دیا تھا جس پر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ردعمل دیا تھا۔



































