کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
کراچی پولیس چیف کے حکم پر ضلع ملیر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ 12 مقامات پر اسنیپ چیکنگ جاری ہے، شاہین فورس کے جوانوں کو بھی نیشنل ہائی وے سمیت حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔
عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کی چیکنگ جاری ہے، چیکنگ پوائنٹس پر مشکوک افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک ڈیوائس سے مشکوک افراد کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، شہری مشکوک شخص کی اطلاع ون فائیو پر دیں، نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ضلع مشرقی میں بھی کئی مقامات پر ناکہ بندی اور چیکنگ کی جارہی ہے، جیل چورنگی، لسبیلہ، نمائش چورنگی، مزار قائد، طارق روڈ لبرٹی چوک، جیل پارک، لال قلعہ، محمود آباد۔ کارپوریشن کے گیٹ پر چیکنگ جاری ہے۔
عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اقرا یونیورسٹی، بہادر آباد چار مینار، گلشن اقبال اشفاق میموریل ہسپتال، ڈسکو بیکری، ابوالحسن اصفہانی روڈ، سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹری ایریا میں بھی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے سبزی منڈی، ڈیفنس ویو، نیو ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، جبکہ اسٹریٹ کرمنلز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشنز کیے گئے ہیں۔ تیاریاں بھی کرلی گئی ہیں اور شاہین فورس کو بھی مشرق کے مختلف علاقوں میں متحرک کردیا گیا ہے۔



































