امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لیورمور میں مقامی پولیس نے 72 سالہ بزرگ شہری کی جان بچانے پر پاکستانی نوجوان بلال شاہد کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیور مور کا ایک 72 سالہ شہری فٹ پاتھ پر چلتے ہوئے بے ہوش ہو کر گر گیا جب کہ بلال شاہد نامی نوجوان پاکستانی شہری اپنی فیملی کے ساتھ وہاں سے گزر رہا تھا۔
پاکستانی نوجوان نے ایک بزرگ شہری کو بے ہوش پڑا دیکھا تو وہ رک گیا اور مدد کے لیے دوڑا۔
بلال شاہد نے دیکھا کہ بزرگ شہری کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے اور اس کی نبض بھی بند محسوس ہو رہی ہے تو انہوں نے فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی کے لیے ہیلپ لائن پر کال کی اور شہری کی تشویشناک حالت سے آگاہ کیا۔
فون کال پر، افسر نے پاکستانی شہری سے کہا کہ وہ بزرگ شہری کو فوری طور پر کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) دیں۔
تاہم، بلال کو طریقہ کار کا علم نہیں تھا، اس لیے افسر نے بلال کو کال پر طریقہ کار کی وضاحت کی اور اس پر عمل کرنے کو کہا۔
تھوڑی دیر بعد طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور بزرگ شہری کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ پاکستانی نوجوان کی مدد سے بزرگ شہری کو سی پی آر دیا گیا اور اس کی نبض بحال ہوگئی اور اس کی جان بچ گئی۔
بعد ازاں بزرگ شہری کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا کی مدد سے بلال شاہد کو ٹریس کیا اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے تحائف بھیجے۔
اس حوالے سے بلال شاہد نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہری کی جان بچانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
دریں اثنا، مقامی پولیس نے ایک بزرگ شہری کی جان بچانے میں بلال کی فوری مدد کرنے پر انعام کا اعلان کیا۔
ایوارڈز کی تقریب 9 مئی کو لیورمور سٹی کونسل میں ہوگی۔
دوسری جانب شہری بھی بلال شاہد کے اقدام کو سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلال کا تعلق کراچی سے ہے جو کئی سالوں سے لیور مور میں مقیم ہیں۔



































