شام میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر ترک افواج کے فضائی حملے میں ایک صحافی سمیت شامی اور کرد فورسز کے 31 ارکان ہلاک ہو گئے۔
شام میں انسانی حقوق کے امور پر نظر رکھنے والے برطانوی گروپ کا کہنا ہے کہ شام کے شمالی علاقے میں ترک افواج کے فضائی حملوں میں کردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک فورسز کے حملوں میں کرد ملیشیا کے 18 اور شامی فوج کے 12 ارکان مارے گئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔
اس سے پہلے ترکی کی وزارت دفاع بھی شام اور عراق میں کردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرنے کا بیان جاری کر چکی ہے۔
انقرہ سے ترک وزارت دفاع نے کہا کہ شام اور عراق کے شمالی علاقوں میں کردوں کے 89 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترک وزارت دفاع نے مزید کہا کہ حملوں میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

































