وفاقی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کارکنوں کی لاشوں کی برآمدگی کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں امین الحق اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔
وفاقی وزراء نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو ان کے کارکنوں کی ہلاکت کی تحقیقات کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے واقعے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کریں گے، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔



































